ایف سی ٹریننگ سنٹر لورالائی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے 67 ویں بیج کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے۔ تقریب میں میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، قبائلی عمائدین اور سول و ملٹری حکام نے شرکت کی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 2280 ریکروٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئے، پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس کو جدید خطوط پر استوار جنگی تقاضوں پر تربیت دی گئی۔
مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والےتمام ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارک باد پیش کی۔ کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کہا کہ ایف سی بلوچستان کے جوانوں کی کاکردگی بہتر سے بہتر ہوتی جارہی ہے۔ جو پیشہ آپ نے چنا ہے وہ روزگار کے ساتھ ساتھ عبادت بھی ہے۔
کمانڈر بلوچستان کور نے کہا کہ ہمیں اپنے ان شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے جو انہوں نے دفاع وطن کیلئے دیں، امن و امان کے قیام میں ایف سی کے جوانوں کی خدمات مثالی ہیں۔ آپ سے بھی اس معیار کو جاری رکھنے کی توقع رکھتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ریکروٹس بلوچستان میں قیام کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔






















