وزارت تجارت نے ایران سے آنے والی درآمدی اشیاء سے لدے کنٹینرز کو الیکٹرانک امپورٹ فارم سے 60 روز کی عارضی چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق 31 اکتوبر 2024 یا اس سے پہلے ایران پہنچنے والی مال بردار گاڑیاں کسٹم کلیئرنس کے بعد ملک میں داخل ہوسکیں گی۔ کلیئرنگ ایجنٹس کو بھی سہولت دی جائے گی، بشرطیکہ وہ ایرانی کسٹمز کے ایسے دستاویزات فراہم کریں جو یہ ثابت کریں کہ مذکورہ گاڑیاں 31 اکتوبر 2024 تک ایران پہنچ چکی تھیں۔
تاجر برادری نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر چیمبر آف کامرس محمد ایوب مریانی نے کہا کہ یہ اقدام کاروباری طبقے کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے چیئرمین شاہ زیب درانی کا شکریہ ادا کیا۔سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس نے کہا کہ اس فیصلے سے ایران میں پھنسے ہزاروں کنٹینرز کی واپسی ممکن ہوسکے گی، جس سے صوبے کے امپورٹرز کے ساتھ ایک اور وعدہ پورا ہونے پر خوشی ہوئی ہے۔