فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سربراہ محمد الضیف ’ ابو خالد ‘ کی شہادت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جمعرات کو القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی جانب سے جاری ویڈیو بیان میں محمد الضیف کی شہادت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ ویڈیو بیان میں ابو عبیدہ نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں محمدالضیف کے علاوہ دیگر اہم کمانڈر بھی شہید ہوئے جن میں ابوطماعہ ، رائد ثابت ، رافع سلامہ ، احمدالغندور اور ایمن نوفل شامل ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے گزشتہ برس جولائی میں محمد الضیف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم حماس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
اسرائیل نے محمد الضیف پر 7 اکتوبر کے حملے کے ماسٹر مائنڈز میں سے ایک ہونے کا الزام لگایا تھا۔
محمد الضیف کون تھے ؟
محمد الضیف حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے بانیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے 20 سال سے زیادہ عرصے تک اس کی قیادت کی۔
اگست 2014 میں اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں محمد الضیف کے گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی بیوی اور 7 ماہ کا بیٹا شہد ہوگیا تھا۔
بعدازاں، اسرائیل کی جانب سے الضیف پر ایک قاتلانہ حملہ بھی کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں انکی ایک آنکھ زخمی اور ایک ٹانگ میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔
ابو عبیدہ کی جانب سے ویڈیو بیان میں نائب فوجی کمانڈر مروان عیسیٰ کی شہادت کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے گزشتہ برس مارچ میں مروان عیسیٰ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن اس وقت حماس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ سیاسی بیورو کو عیسیٰ کی شہادت کے شواہد نہیں ملے ہیں۔