وائٹ برج مائننگ اور ایپکس انرجی کے درمیان پلیسر گولڈ ڈیپازٹس کی تلاش کے لیے تاریخی معاہدہ طے پاگیا۔
امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ کی سربراہی میں وائٹ برج مائننگ نے پلیسر گولڈ ڈیپازٹس کی تلاش کے لیے ایپکس انرجی کے ساتھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور یہ معاہدہ پاکستان کی وسیع اور غیر استعمال شدہ معدنی دولت کی تلاش میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتا ہے جس کا تخمینہ 50 ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہے۔
اپنی نوعیت کی یہ پہلی سرمایہ کاری پاکستان کے کان کنی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کو ظاہر کرتی ہے جس سے معدنیات کی جدید تلاش اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
لازمی پڑھیں۔ امریکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
سٹریٹجک وسائل کی ترقی میں ایک سرکردہ سرمایہ کار جینٹری بیچ نے اس معاہدے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر معمولی معدنی دولت کا گھر ہے اور ہماری سرمایہ کاری ذمہ دار کان کنی اور عالمی شراکت داری کے ذریعے اپنی پوری صلاحیت استعمال کرنے کا عہد ہے۔
اس سے قبل بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو میں جینٹری بیچ نے کہا پاکستان آکر بہت خوش محسوس کررہا ہوں، یہاں کے لوگ بہت ذہین اور محنتی ہیں، میں بزنس مین ہوں سیاستدان نہیں ، میں یہاں باتیں نہیں کام کرنے آیا ہوں ، ہم پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتے ہیں اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری غیرمعمولی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ اس معاہدے سے جدید کان کنی ٹیکنالوجیز کے طریقے سامنے آئیں گے۔