توشہ خانہ سے 1997 سے 31 دسمبر 2024 کے درمیان کس کس نے کیا کیا تحائف لئے ؟سماء نے 28 سال کا توشہ خانہ ریکارڈ حاصل کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق نواز شریف ، شہباز شریف ، پرویز مشرف ، چوہدری شجاعت ، بلاول اور آصفہ بھٹو تحائف حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ متعدد وفاقی وزرا ، بیوروکریٹس اور ججز نے بھی توشہ خانہ سے تحائف خریدے یا یونہی پاس رکھ لئے۔
سماء کو حاصل ہونے والی توشہ خانہ ریکارڈ کی 608 صفحات پر مشتمل تفصیلات کے مطابق 1997 سے 2001 تک تحائف لینے والوں میں نواز شریف، شہبازشریف ، پرویزمشرف شامل ہیں جبکہ سابق صدر رفیق تارڑ ، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت کے نام بھی فہرست میں ہیں۔
چوہدری نثار ، گوہر ایوب ، اسحاق ڈار ، شیخ رشید بھی توشہ خانہ سے فیض یاب ہوئے اور سابق صدرعارف علوی ، بلاول ، آصفہ بھٹو اور قاضی فائز عیسیٰ کو بھی تحائف ملے۔
نواز شریف کو بطور وزیراعظم 1998 میں 17 لاکھ 21 ہزار250 روپے مالیت کے تحائف ملے ، انہوں نے ڈائمنڈ جیولری سیٹ ، گھڑی ، جیولری سیٹ اور گولڈ لیڈیز واچ 2 لاکھ 59 ہزار 151 روپے ادا کرکے پاس رکھ لئے ۔
اسی سال شہباز شریف کو بطور وزیراعلیٰ کو 13 لاکھ 15 ہزار366 روپے کے تحائف ملے اور انہوں نے ایک لاکھ 98 ہزار 544 روپے ادا کر کے 18 کیرٹ گولڈ گھڑی ، قہوہ سیٹ ، جینٹس اور لیڈیز واچز خرید لیں ۔
سابق صدر پرویز مشرف نے ٹی وی سیٹ اور باؤل مفت جبکہ ایک گھڑی ، خنجر اور قہوہ پاٹ رقم ادا کر کے حاصل کئے۔
دستاویز کے مطابق رفیق تارڑ نے بطور صدر مملکت درجنوں تحائف مفت یا رقم ادا کر کے رکھے ۔
اسحاق ڈار نے 2 گلاس رقم ادا کر کے پاس رکھ لئے جبکہ پاکٹ واچ کا تحفہ توشہ خانہ میں جمع کرا دیا ۔
شیخ رشید نے قہوہ سیٹ ، دو ٹائیاں اور بریف کیس اپنے پاس رکھا ۔
2023 اور 2024 میں وزیراعظم شہباز شریف ، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے توشہ خانہ سے تحائف لئے۔