وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ اگر جون تک ریونیو ہدف حاصل ہوگیا تو نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کے اسٹاف کو ایک تنخواہ کا بونس دیں گے۔
بدھ کے روز وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت این ایچ اے کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین این ایچ اے کی جانب سے منصوبوں کیلئے مختص بجٹ اور سارک پراجیکٹس سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کا 50 ارب روپے کا اضافی ریونیو ڈیپازٹ اکاؤنٹ ہوگا اور ایک سال میں 50 ارب روپے کا ریونیو قابل ستائش کامیابی ہے جبکہ آئندہ پانچ برس میں محصولات میں 400 ارب روپے اضافہ چاہتا ہوں ۔
عبدالعلیم خان نے کہا جون تک ریونیو ہدف حاصل ہوگیا تو این ایچ اے اسٹاف کو ایک تنخواہ کا بونس دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موٹروے ایم ون سے اسلام آباد ائیر پورٹ کو بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے اور کوئی پسند ناپسند نہیں ہوگی جبکہ این ایچ اے ہر کام میرٹ پر یقینی بنائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سب کے لئے ایک جیسی پالیسی اور ادارے کو ہرحال میں اپنے فنڈز جنریٹ کرنا ہیں۔