مظفرآباد میں 3 روزہ کشمیر کلچرل فیسٹیول اور پینٹنگ مقابلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ جی او سی مری نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فیسٹیول میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کے زیر اہتمام تین روزہ فیسٹیول میں ملٹری و سول افسران۔ خواتین۔ مردوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی جی او سی مری نے کہا کہ موجودہ دور میں دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوان نسل کے ذہنوں کو انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ نوجوان سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں اور اسے ملکی مفاد اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کریں۔فیسٹیول میں کشمیری ثقافت کے رنگ نمایاں رہے ۔ تقریب کے اختتام پر فن مصوری اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
شرکاء نے کشمیر کلچرل فیسٹیول کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کشمیری ثقافت کے فروغ میں سنگ میل قرار دیا۔






















