انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ ایلارڈائس نے 2012 میں جنرل منیجر آف کرکٹ کے طور پر آئی سی سی میں شمولیت اختیار کی تھی اور نومبر 2021 میں آئی سی سی کے سی ای او کے طور پر ان کا تقرر کیا گیا تھا۔
اس سے قبل وہ آٹھ ماہ تک قائم مقام سی ای او کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
آئی سی سی کے سربراہ جے شاہ نے کہا کہ بورڈ کی جانب سے میں جیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ان کی کوششوں نے عالمی سطح پر کرکٹ کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
جے شاہ کا کہنا تھا کہ ہم ان کی خدمات کے شکر گزار ہیں اور ان کی مستقبل کی کوششوں میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ایلارڈائس نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دینا ایک اعزاز کی بات ہے اور مجھے ان نتائج پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے جو ہم نے حاصل کیے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ آئی سی سی بورڈ نے نئے چیف ایگزیکٹو کی تلاش شروع کر دی ہے۔