آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
یوم دفاع کے موقع پر بیان میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ دن ہمیں اپنی مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ 65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا۔ مذکورہ جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جزبہ دیکھنے میں آیا۔ اسی جذبے سے ہم نے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے نظم و ضبط اور اعلی پیشہ ورانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر اور جوان کا عزم ہے۔ شہدا کی قربانیاں، غازیوں کے کارنامے ہمارے لیے قابل تقلید مثالیں ہیں انہوں نے کہا شہدا کے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں۔ شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاک فوج اور عوام کے مابین اعتماد و یگانگت ہماراقیمتی اثاثہ ہے۔ حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی۔ افواج پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ نہایت تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔ مسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اسکی مثال نہیں۔
آرمی چیف نے کہا پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ناگزیر ہے۔ باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔