حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کا چوتھا دور کل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔ تحریک انصاف نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
کمیٹی روم نمبر پانچ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔ حکومتی کمیٹی ان کیمرا اجلاس میں پی ٹی آئی کے مطالبات کا تحریری جواب دے گی ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حکومتی کمیٹی تحریری جواب اسپیکر کو جمع کرا دے گی۔پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے سیشن میں شرکت سے انکار کر رکھا ہے۔پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرت کا آغاز دسمبر میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے مذاکرات میں تعاون کی پیش کش کے بعد ہوا تھا۔
حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان پہلی بیٹھک 23 دسمبر کو لگی ۔ دو جنوری کو مذاکرات کا دوسرا دور ہوا۔ پی ٹی آئی نے 16 جنوری کو مذاکرات کے تیسرے دور میں چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا تھا جس میں 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر عدالتی کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کیا گیا تھا۔