ستیا اور رنگیلا جیسی سپر ہٹ فلموں کے ہدایت کار رام گوپال ورما کو 3 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی اندھیری مجسٹریٹ کورٹ نے بالی وڈ کے نامور ہدایتکار رام گوپال ورما کو 7 سال پرانے چیک باؤنس کیس میں 3 ماہ قید کی سزا سنائی۔
رام گوپال ورما نے ستیا اور رنگیلا جیسی مشہور فلموں میں ہدایتکاری کی ہے، وہ سماعت کے دوران عدالت میں موجود نہیں تھے، جس کے باعث مقامی عدالت نے ان کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
عدالت نے رام گوپال ورما کو ہارڈ ڈسک کا کاروبار کرنیوالی شکایت کنندہ کمپنی ’’شری‘‘ کو 3 لاکھ 72 ہزار 219 بھارتی روپے ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
کمپنی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ تنازعہ 2018ء میں شروع ہوا جب کمپنی نے رام گوپال ورما کی پروڈکشن کمپنی کی درخواست پر ہارڈ ڈسک فراہم کیں، فروری اور مارچ 2018ء کے درمیان 2 لاکھ 38 ہزار 220 روپے کے ٹیکس انوائسز جاری کئے گئے۔
شکایت کنندہ کے مطابق رام گوپال ورما کی کمپنی کی جانب سے یکم جون 2018ء کو ایک چیک جاری کیا گیا لیکن ناکافی فنڈز کی وجہ سے یہ چیک باؤنس ہوگیا، دوسرا چیک ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے 22 اگست 2018ء کو جاری کیا گیا تاہم یہ چیک بھی باؤنس ہوگیا۔
شری کمپنی نے رقم کی وصولی کیلئے مختلف کوششیں کیں اور رام گوپال ورما کو قانونی نوٹسز بھی بھیجے۔
اس معاملے پر رام گوپال ورما نے بھی ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ 7 سال پرانا کیس ہے جس میں 2 لاکھ 38 ہزار روپے کی رقم کا معاملہ ایک سابق ملازم سے جڑا ہوا ہے۔