صرف ایک روز کمی کے بعد سونے کی قیمت میں ایک بار پھر غیر معمولی اضافہ ہوگیا، فی تولہ سونا 2900 روپے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
رپورٹ کے مطابق عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 29 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 2772 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 900 روپے کے بڑے اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 2 لاکھ 89 ہزار 600 روپے پر جاپہنچا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دس گرام سونا 2 ہزار 486 روپے کے نمایاں اضافے سے 2 لاکھ 48 ہزار 285 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت میں 750 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 86 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔
دریں اثناء چاندی کی فی تولہ قیمت 31 روپے کے اضافے سے 3 ہزار 432 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تجارتی منصوبوں کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی سطح پر سونے کی قیمتیں 3 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.8 فیصد اضافے سے 2774.49 ڈالر فی اونس رہی اور اس ہفتے اب تک اس میں 2 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔