ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹس آئندہ چند روز میں مکمل طور پر 24 گھنٹے کر دیا جائے گا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) میں زیر تربیت افسران کے وفد نے پاسپورٹ ہیڈ کوارٹرز کا تعارفی دورہ کیا اور ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی کی زیرتربیت افسران کے ساتھ تعارفی ملاقات ہوئی۔
ڈی جی پاسپورٹس کی زیرصدارت تعارفی اجلاس میں مختلف امور پر بریفنگ بھی دی گئی اور افسران کو امیگریشن اینڈ پاسپورٹس قوانین کے حوالے سے بتایا گیا۔
اجلاس میں ایف آئی اے افسران کو پاسپورٹ بننے کے پورے عمل کےحوالے سے آگاہ بھی کیا گیا۔
امیگریشن حکام نے ایف آئی اے افسران کو انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ جیسی اہم ترین شناختی دستاویز میں سیکیورٹی فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں جن کی مدد سے امیگریشن امور میں مانیٹرنگ اور انسپکشن آسان ہوسکے گی۔
مصطفیٰ جمال قاضی کا کہنا تھا کہ محکمہ پاسپورٹس آئندہ چند روز میں مکمل طور پر 24 گھنٹے کر دیا جائے گا اور شہریوں کو باوقار اور بروقت سروس فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔