وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں ، کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جبکہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کشمیر کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔
بدھ کے روز وزیر اعظم شہباز شریف نے بھمبر آزاد کشمیرمیں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھا اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک ان کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
اپنے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا تاہم اب مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے اور ایکسپورٹ بڑھ گئی ہے جبکہ شرح سود میں بھی مزید کمی ہو رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔
دانش سکول کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں اسکول کا آغاز کیا جائے گا اور دانش اسکول سسٹم پسماندہ اور مستحق بچوں کے خوابوں کی تعبیر ثابت ہوگا جبکہ ایچی سن کالج میں نہ پڑھ سکنے والوں کی کمی دانش سکول پوری کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے دیگر دو اضلاع میں بھی جلد دانش سکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر
اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ دانش سکول سسٹم غریب لوگوں کا ایچی سن کالج ہے ، سکول کا سنگ بنیاد رکھنے پر وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔
چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر فوج موجود ہے تو ہم تعمیر و ترقی کر رہے ہیں، ہمیں محافظ فوج اور قابض فوج میں فرق کرنا ہو گا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند نہ ہوئیں تو آزادکشمیر کے نوجوانوں کو سرحد پار کرنے سے مودی کا باپ بھی نہیں روک سکے گا۔