اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن نے رات گئے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو کی گرفتاری کیلئے انکی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تاہم گرفتاری نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو کی گرفتاری کیلئے انکی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا تاہم گھر پر موجود نہیں تھے۔ بشریٰ بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ وٹو پر ترقیاتی کاموں میں 2 کروڑ 49 لاکھ سے زائد کےغبن کا الزام ہے۔
دوسری طرف تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی رائے حسن نواز ،رائے مرتضٰی اقبال کی رہائشگاہوں پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ رائے حسن نواز،مرتضٰی اقبال پر فیس ادا کیے بغیر کمرشل تعمیرات بنانے کا الزام ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے نعیم ابراہیم اور سلیم صادق کی رہائشگاہوں پر بھی چھاپے مارے گئے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔