تحریک انصاف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس پارٹی رہنماوں کیخلاف بیان بازی اور پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فردوس شمیم نقوی نے جاری کیا۔
شیر افضل مروت سے 7 روز میں جواب طلب کرلیا گیا جبکہ شوکاز کا جواب دینے تک میڈیا میں بیان نہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نوٹس کے متن کے مطابق آپ نے پارٹی پالیسی اور بانی چیئرمین کی واضح ہدایات کی خلاف ورزی کی، آپ نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل پر بھی تنقید کی، آپ کے بیانات سے مذاکراتی عمل متاثر ہوا، بانی چیئرمین کی ہدایات پر شوکاز نوٹس جاری کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوستوں کے مشورے سے انہوں نے ایک دو ہفتے کے لیے الیکٹرانک میڈیا سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے میڈیا کے دوستوں سے اپیل کی کہ پروگرامز میں شامل ہونے پر اصرار نہ کریں۔