مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ضلع کرم جانے والے قافلے کو وقتی طور روک دیا گیا ہے، کلیئرنس ملنے کے بعد قافلے کو جلد روانہ کیا جائے گا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ گرینڈ جرگے کے معاہدے کے مطابق کرم میں ہر حال میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور امن امن دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پر حملہ کرم کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام مذموم سازش تھی، علاقے میں پائیدار امن کے لئے عوام انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ ٹل سے کرم جانے والے ٹرکوں کے قافلے کو حفاظتی نکتہ نظر سے روک دیا ہے۔جلد ہی راستہ کلیئر ہوگا اور قافلے کو روانہ کیا جائیگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بگن میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی سی کُرم جاوید محسود سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے،ڈپٹی کمشنر اور دیگر زخمی حالت میں علیزئی اسپتال جبکہ بعد ازاں پشاور منتقل کردیا گیا تھا۔






















