خواب سے حقیقت تک کا سفر، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کردیئے گئے، کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔
ایس سی او کا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ڈیجیٹل ریوولوشن لانے کی جانب ایک اور قدم، اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مختلف آئی ٹی پارکس کا افتتاح کردیا گیا۔ آزاد جموں و کشمیر میں 50 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کے قیام کے منصوبے کے تحت، یہ اکیسواں منصوبہ ہے۔
پارکس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو آئی ٹی سے منسلک خطے میں تبدیل کرنا ہے، ایس سی او نے 16 ماہ کے ریکارڈ وقت میں 61 آئی ٹی پارکس اور فری لانسنگ ہبز قائم کئے۔
ایس سی او کی جانب سے ٹیکنالوجی پارکس کا مقصد مقامی کمیونٹیز اور انتظامیہ کو ماحول دوست نظام فراہم کرنا ہے، ان فری لانسگ ہبز کا مقصد نوجوانوں کی مہارتوں کو فروغ دینا اور انکو کامیابی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایس سی او کا وژن آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مستقل آئی ٹی ماحول کی فراہمی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، ہر آئی ٹی پارک کے دفتر میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی موجود ہے۔
ایس سی او معذور بچوں کیلئے آزاد زندگی کے مراکز بھی فراہم کر رہا ہے جہاں وہ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، ایس سی او نے خواتین کیلئے فری لانسنگ ہب بھی قائم کیے ہیں جہاں وہ محفوظ طریقے سے کام کر رہی ہیں، ان پارکس نے 6500 نوکریاں پیدا کیں اور 1600 فری لانسرز کو بااختیار بنایا۔
ایس سی او گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 100 آئی ٹی سیٹ اپ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، یہ وژن 2025ء کے مطابق اس خطے کو آئی ٹی کے مرکز میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کرے گا