مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہر شہر سے لوگ نواز شریف کےاستقبال کےلئے جارہے ہیں کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ نواز شریف انہیں خوشحالی دیں گے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میاں صاحب نے واضح کردیاکہ ہم 28 مئی والے ہیں، نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ یہ اس کے خلوص اور وطن سے محبت کی علامت ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقاربھٹو کو پھانسی لگانے کے بعد آج بھی پیپلزپارٹی زندہ ہے مگر بھٹو کو پھانسی لگانے والوں کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں۔
قائد ن لیگ نوازشریف کی استقبالیہ جلسے سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ سب دیکھ رہے ہیں کہ جلسہ گاہ میں دو روز سے رونق لگی ہوئی ہے، آج بھرپور اجتماع ہوگا۔ میرے 35 سال کے سیاسی کیرئیر میں یہ بہت بڑا جلسہ ہوگا۔