پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مسلسل 5 ہفتوں کی کمی کے بعد گزشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت جمعے کے روز 278.80 روپے کی سطح پر بند ہوئی تھی جو پیر کو 276.83 روپے تھی۔ ڈالر کی قیمت میں رواں ہفتے کے دوران مجموعی طور پر ایک روپے 19 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مسلسل 28 کاروباری دنوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی اور اس دوران ڈالر کی قیمت 277 کی سطح سے نیچے چلی گئی تھی تاہم منگل کے روز ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب اس کی قیمت میں 20 پیسے کا اضافہ ہوا اور بدھ کے روز اس کی قیمت 3.26 روپے تک بڑھ گئی۔
کرنسی مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ڈالر کی قیمت کافی گر گئی تھی اور اس کے بعد اس میں ریکوری کی توقع تھی تاہم انٹر بینک میں درآمدی ادائیگیوں کا پریشر بھی بدھ کے روز آیا تو دوسری جانب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے بعد دنیا میں ڈالر کی قیمت بڑھی جس کا اثر پاکستانی کرنسی پر بھی پڑا۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے ۤآخری روز انٹربینک میں ڈالر ایک پیسے کمی سے 278 روپے 80 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 280 روپے پر مستحکم رہا۔
قبل ازیں سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت جلد 250 روپے تک آجائے گی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹویٹر) پر جاری بیان میں شبرزیدی نے کہا کہ معیشت آہستہ آہستہ مثب سمت کی جانب گامزن ہے، رواں سال کی آخر تک امریکی ڈالر کی قدر 250 دیکھ رہا ہوں۔