2024 کے اختتام میں بس چند ہی گھنٹے باقی ہیں لیکن آپ کو بتاتے چلیں کہ رواں سال سونے اور چاندی کی قیمت میں نہ صرف مقامی بلکہ عالمی سطح پر بھی بھاری اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 2024 کے دوران عالمی سطح پر سونے کی فی اونس قیمت میں 532 ڈالر کا بڑا ضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں گولڈ کی فی تولہ قیمت میں 52 ہزار 600 روپے اور 10 گرام سونے کی قیمت میں 45 ہزار 96 روپے تک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔
اسی طرح فی اونس چاندی کی عالمی قیمت میں 5ڈالر 9سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں مجموعی طور پر 670روپے کا اضافہ ہوا۔
سال 2024ء کے دوران 14فروری کو فی اونس سونے کم ترین عالمی قیمت 2010ڈالر رہی اور مقامی مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 210800روپے رہی جبکہ 30اکتوبر کو سونے کی عالمی ومقامی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی اور اس دن فی اونس سونے کی عالمی قیمت 2784ڈالر رہی جبکہ فی تولہ سونے کی قیمت 287900روپے ریکارڈ کی گئی۔
سال کے آخری روز منگل کو بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت پیر کی بہ نسبت بغیر کسی تبدیلی کے 2614ڈالر کی سطح پر مستحکم رہی جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی 24قیراط کا حامل فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 272600روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 233711روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 3350روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2872.08روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔