سیکیورٹی فورسز نے کُرم اور شمالی وزیرستان میں افغان سرزمین سے کی جانے والی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، مؤثر جوابی کارروائی کے دوران دشمن کو بھاری نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی رات کرم اور شمالی وزیرستان میں 2 مقامات سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی، 20 سے 25 خارجیوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کیا تاہم پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کوششیں ناکام بنا دیں۔
ذرائع کے مطابق 28 دسمبر کی صبح خارجیوں نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کا سہارا لیتے ہوئے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اس بار بھی دراندازی ناکام بنا دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی میں ناکامی کے بعد خارجیوں اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ شروع کردی، جس کا پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا، جوابی کارروائی میں دراندازوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 15 سے زائد خارجی اور افغان طالبان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے، مؤثر کارروائی کے باعث افغان طالبان اپنی 6 پوسٹیں بھی خالی چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے 3 جوان معمولی زخمی ہوئے۔