ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے ترجمان کے بیان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان میں فوجی عدالتوں میں 25 شہریوں کو سنائی گئی سزا پر یورپی یونین کے ترجمان کے بیان کے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے آئین اور عدالتوں میں ہمارے اندورنی معاملات حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ پاکستان اپنے اندرونی مسائل کوحل کرنا جانتاہے، یورپی یونین کے ترجمان کے بیان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعدملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے جو اگلے24 گھنٹے تک جاری رہےاس کے بعد ریاست نے پی ٹی آئی اور اس کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پی ٹی آئی کے 25 کارکنوں کو 9 مئی کے فسادات میں ملوث ہونے پر ایک فوجی عدالت نے دو سے 10 سال تک کی سخت قید کی سزا سنائی ہے۔