قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر اور نوجوان بیٹر صائم ایوب نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں سنچری مکمل نہ ہونے پر ردعمل جاری کر دیا۔
جمعہ کو پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں سنچورین میں دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل تھیں جہاں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 206 رنز کا بڑا ہدف دیا اور پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف میں اوپنر صائم ایوب کی اننگ کا بہت اہم کردار تھا۔
لازمی پڑھیں ۔جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے ٹی 20 سے اہم قومی کھلاڑی باہر
صائم ایوب نے 57 گیندوں پر 98 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے تاہم وہ دو رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے۔
سنچری مکمل نہ ہونے کی وجہ سے شائقین کرکٹ مایوس ہوئے اور بعض شائقین صائم کے ساتھ وکٹ پر موجود رہنے والے دوسرے بیٹر عباس آفریدی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہیں سنگل لے کر سٹرائیک صائم کو دینا چاہیے تھا تاکہ وہ اپنی سنچری مکمل کرپاتے۔
تاہم، اب صائم ایوب نے اس معاملے پر ردعمل جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ سنچری قسمت میں ہوتی تو بن جاتی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم نہیں جیت رہی تو سنچری کا کوئی فائدہ نہیں اور یہ آخری موقع نہیں تھا ، سنچری کے لئے آئندہ بھی موقع مل جائے گا۔
یاد رہے کہ دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقا نے 7 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی واضح برتری حاصل کرلی تھی۔