محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کردی جبکہ گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہوسکتی ہے ۔
گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران سب سے کم درجہ لیہہ میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اسلام آباد میں بیس، لاہور میں اکیس ،کراچی میں چھبیس ،پشاور میں اکیس اور کوئٹہ میں تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی ائیر کوالٹی انڈیکس مضر صحت ریکارڈ کیا گیا۔