یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں موجود شام کے سفارت خانے پر شامی اپوزیشن کا پرچم لہرا دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق شام میں عسکریت پسندوں کے دارالحکومت دمشق میں داخل ہونے اور صدر بشارالاسد کے مبینہ ملک سے فرار ہونے کے بعد شامی اپوزیشن کا جھنڈا ایتھنز میں موجود شامی سفارت خانے پر لہرایا گیا۔
یونان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے این اے کے مطابق 3 افراد سفارت خانے میں داخل ہوئے اور انہوں نے عمارت پر جھنڈا لہرایا۔
بعدازاں، افسران کو جائے وقوعہ پر بھیجا گیا اور تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ایک شخص کو سفارت خانے کی بالکونی میں الاسد کی تصویر پکڑے اور ڈکٹیٹر کا نعرہ لگاتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
شامی جو 1970 میں الاسد کی حکومت کے قائم ہونے کے بعد یونان فرار ہو گئے تھے جشن منانے کے لیے سفارت خانے آئے تھے جبکہ یونان میں شامی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ 24 ملین شامی ساری رات نہیں سوئے۔
2015 کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کی لہر میں دسیوں ہزار شامی یونان فرار ہو گئے تھے۔
یونانی وزارت کے مطابق 15000 سے زائد شامیوں کے پاس یونان میں رہائش کے اجازت نامے ہیں۔