وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں منعقدہ ون واٹرسربراہی اجلاس کےموقع پرسعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے خوشگوار ملاقات کی جس دوران سعودی ولی عہد نےگزشتہ 6ماہ کے دوران پانچویں بارپاکستانی وزیراعظم سےملاقات پر بے حد خوشی کا اظہار کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ یہ حقیقی محبت اور باہمی احترام کا ثبوت ہے جو دونوں ممالک کےعوام کوجوڑتاہے، پاکستان اورسعودی عرب کےمابین تعاون کافروغ پاکستان کی معاشی ترقی اورخوشحالی کیلئےکلیدی اہمیت رکھتاہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نےولی عہد کا پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات پر شکریہ اداکیا اور ولی عہدکوجلدازجلدپاکستان کادورہ کرنےکی اپنی دعوت کااعادہ کیا ۔ ولی عہد نےوزیرِ اعظم کی دعوت کوقبول کرتے ہوئے کہا وہ اپنےجلددورہ پاکستان کےمنتظرہیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورسعودیہ کےلیےاقتصادی،تجارتی اورسرمایہ کاری کےتعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ، دونوں رہنماؤں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کی ون واٹر سربراہی اجلاس میں فرانسیسی صدر سے ملاقات
وزیراعظم شہبازشریف نے ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات کی جس دوران زراعت،لائیواسٹاک،آئی ٹی،اورپینےکے صاف پانی کےشعبوں میں بزنس ٹوبزنس روابط کےذریعےتعاون بڑھانےپراتفاق کیا گیا ۔
وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹرسمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو مبارکباد دی ۔ موسمیاتی تبدیلی اورترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا ۔
دونوں رہنمائوں نے زراعت،لائیواسٹاک،آئی ٹی،اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ وزیراعظم کی فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اورقابل تجدیدتوانائی سے استفادہ حاصل کرنےکی دعوت دی ۔
ون واٹر سربراہی اجلاس میں محمد بن سلمان کا خطاب
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے واٹر سمٹ سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ ہم آپ کو مملکت میں خوش آمدید کہتے ہیں، دنیا بھر میں پانی کا مسئلہ سنگین اور چلنجز ہے۔
محمد بن سلما ن کا کہناتھا کہ عالمی برادری کو ملکر پانی کی کمی کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا، یہ کانفرنس خشک سالی اور پانی کے ذخائر کو محفوظ بنانے کیلئے ہیں.
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف نے واٹر سمٹ سے خطاب میں کہا کہ پانی کی کمی دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، پانی کے شعبے میں بہتری اقدامات کی ضرورت ہے، پانی کی کمی سے خشک سالی بڑھ رہی ہے، عالمی برادری پانی کے شعبے میں بہتری کیلئے کردار ادا کرے، سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچائی ، پانی کی کمی پوری کرنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔