ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم بلوچستان میں کم عمر امیدوار کو نوکری دینے سے متعلق خبریں غلط ہیں ، ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے امیدوار کی عمر کم ظاہر ہوئی ۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ محکمہ تعلیم ضلع اوستہ محمد میں کم عمر امیدوار سے متعلق سوشل میڈیا پر زیر گردش خبر کی تحقیق کی گئی ۔محمد جمیل نے جونیئر ڈرائنگ ماسٹر کے لئے میرٹ کوالیفائی کیا ، امیدوار کی تاریخ پیدائش بیس ستمبر انیس سو ننانوے ہے ۔
ضلعی سطح پر مرتب کاغذات میں ٹائپنگ کی غلطی کے باعث دو ہزار نو لکھا گیا ۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام کاغذات کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی ہے ۔ ثبوت کے طور پر تمام دستاویزات پبلک کردی گئی ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلٰی بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔