پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی 20 میں 10 وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم کی جانب سے دیا گیا 58 رنز کا ہدف گرین شرٹس نے بغیر کسی نقصان کے 5.3 اوورز میں مکمل کیا۔
پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں دوسرے ٹی 20 میں بلاوایو میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
زمبابوے کا پہلے بیٹنگ کا فیصلہ فائدہ مند نہ ثابت ہوسکا اور پاکستانی باؤلرز کے سامنے بیٹرز بے بس دکھائی دیے جبکہ پوری ٹیم محض 57 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میزبان ٹیم کے محض دو بیٹرز ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے اور برائن بینیٹ 21 اور مرومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستانی کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عباس آفریدی نے 2 اور ابرار احمد، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لازمی پڑھیں۔ سفیان مقیم نے زمبابوے کے خلاف میچ میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
جواب میں قومی ٹیم نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 5.3 اوورز میں حاصل کر کے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 18 گیندوں پر 36 اور عیمر بن یوسف نے 15 گیندوں پر 22 رنز کی اننگ کھیلی۔
بہترین باؤلنگ پرسفیان مقیم مین آف دی میچ قرار پائے۔
پاکستان نے آج کے میچ میں کامیابی کے بعد زمبابوے کے خلاف 3 میچز پر مشتمل سریز 0-2 سے اپنے نام بھی کرلی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔