پشاور ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواست 23 دسمبر تک منظور کر لی۔
منگل کو پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بشریٰ بی بی کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جس کے دوران درخواستگزار کے وکیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی نے 27 مقدمات میں راہداری ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ ان کو پابند کیا جائے کہ یہ متلعقہ عدالت میں پیش ہوں۔
جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ ہم ان کو راہداری ضمانت اس لئے دیتے ہیں کہ یہ وہاں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔
وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ تھوڑی زیادہ مہلت دی جائے، 50 سے زائد مقدمات میں پیش ہونا ہے جس پر جسٹس وقار احمد نے ریمارکس دیے کہ زیادہ وقت اس لئے نہیں دے سکتے کیونکہ سردیوں کی چھٹیاں آنے والی ہیں۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ اس کیس میں درخواست کے قابل سماعت ہونے پر سوال اٹھایا گیا ہے آپ اس پر اسسٹ کریں س پر وکیل نے استدعا کی کہ مجھے تھوڑا وقت دیا جائے۔
جسٹس ایس ایم عتیق نے ریمارکس دیے کہ آپ کو وقت دیتے ہیں تیاری کریں ہم اس کیس کو آخر میں سنیں گے۔
بعدازاں، عدالت نے راہداری ضمانت کی درخواست 23 دسمبر تک منظور کر لی۔