وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے جتھوں سے فیڈریشن پر چڑھائی کرنے سے این آراو نہیں ملتے ۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی موجودہ لیڈرشپ بزدلی کے آخری درجے پرفائز ہے، بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کو ختم کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کافی ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کارکنوں کو چھوڑ کر بھاگنے والے اب کس منہ سے کارکنوں کا دم بھررہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اصل مجرم علی امین اور بشریٰ بی بی ہیں، اپنی بدنامی کو فیک نیوز اور افواہوں کے پیچھے چھپا رہے ہیں، پوری دنیا کے میڈیا نے دیکھا دونوں کی گاڑیوں پر انہی کے کارکنوں نے ڈنڈے مارے اورپتھراؤ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنہیں شرم سے ڈوب جانا چاہیے وہ بھڑکیں ماررہے ہیں، یہ تحریک انصاف کی آخری ناکام بغاوت تھی اب شدت پسند اور انتشاری ٹولہ دوبارہ اسلام آباد کا رخ کرنے کی غلطی نہیں دھرائے گا۔