پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت نے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (وی پی اینز) کو رجسٹر کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وی پی اینز کو آج بلاک نہیں کیا جائے گا، حکومت نے وی پی این رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم انہوں نے کوئی نئی ڈیڈ لائن نہیں بتائی، ان کا کہنا تھا کہ وی پی این رجسٹریشن پر کب تک کی توسیع کی گئی ہے، یہ وزارت داخلہ کا معاملہ ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے وی پی این رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 30 نومبر مقرر کر رکھی تھی تاہم غیر رجسٹرڈ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کے امکان کو ظاہر کیا گیا تھا۔
ذرائع پی ٹی اے نے بتایا تھا کہ اب تک 27 ہزار سے زائد وی پی اینز رجسٹرڈ کیے جاچکے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری، فری لانسرز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔
پی ٹی اے حکام نے کہا تھا کہ رجسٹرڈ وی پی اینز کے ذریعے ملک میں سائبر سیکیورٹی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جب کہ قومی سلامتی اور ڈیٹا پروٹیکشن کے لیے وی پی این رجسٹریشن ضروری ہے۔