44ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے مقابلےاختتام پذیرہو گئے ہیں جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جہلم میں ہونے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، میگا شوٹنگ ایونٹ کا انعقاد 14 اکتوبر سے 28 نومبر 2024 تک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن میں آرمی،نیوی،ایئرفورس،سول آرمڈفورسزاورعام شہریوں کے 2 ہزار سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا، اختتامی تقریب میں ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابرسدھو نے بھی خصوصی شرکت کی ، آرمی چیف اورایئرچیف نے ایوارڈ جیتنے والوں اور رنراپ کو ٹرافیاں اور میڈلز سے نوازا ۔
انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے تین مقابلے جیتے، سی اے ایس مقابلہ پاک فضائیہ نےجیتا، پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چیمپئن شپ ٹرافی اپنےنام کرلی ، ایف ٹی آرٹیم ٹرافی لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریزکی قیادت میں پاک فوج نےجیتی ، پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ کی ٹرافی پاک فوج کےنائیک وسیم احمدخان کودی گئی، پاک فضائیہ نےپرائم منسٹراسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج جیت لیا ہے ۔
پیرافائرنگ میچز(انفینٹری اسکواڈ) میں آزاد کشمیر رجمنٹ نے پہلا انعام حاصل کیا، شوٹنگ کااعلیٰ ترین اعزاز’دی ماسٹرایٹ آرمز‘ٹرافی پنجاب رجمنٹ کےسپاہی آفتاب احمدکودی گئی، بیسٹ شاٹ میچ ٹرافی لانس دفعدارمحمد عمران اورحوالدار فتح اللہ خان کو دی گئی ۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مقابلے کے شرکا کو نشانے بازی کے بہترین معیار پر سراہا اورع کہا کہ شوٹنگ کی مہارت ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان ہوتی ہے، شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنافوجی تربیت کے بنیادی مقاصد کا مرکز ہونا چاہیے۔ کور کمانڈر راولپنڈی نے جہلم آمد پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔