امریکا کی ریاست کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک بچے میں صحت حکام نے برڈ فلو کی تصدیق کی ہے۔ یہ امریکہ میں کسی بچے میں رپورٹ ہونے والا پہلا کیس ہے۔
امریکہ میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے نے بچے کے ٹیسٹوں سے متعلق بتایا کہ بچے کو معمولی علامات تھیں اور اس کا علاج اینٹی وائرل ادویات سے کیا گیا تھا جس کے بعد بچہ اب صحت یاب ہو رہا ہے۔
ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ بچہ المیڈا کاؤنٹی میں رہتا ہے اور ڈے کیئر جاتا ہے۔ حکام نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
سی ڈی سی کا کہنا ہے کہ حالیہ انفیکشن کے بعد امریکا میں رواں سال برڈ فلو کے کیسز کی تعداد 55 ہو گئی ہے۔ ان کیسز میں سے کیلی فورنیا میں 29 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد فارم ورکرز تھے جنہیں معمولی علامات تھیں اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ثبوت نہیں ملے کہ یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے کے درمیان پھیلتا ہے۔