ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) امیگریشن اور پاسپورٹ نے حج زائرین کے لیے ایک خصوصی ڈیسک کے قیام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت زائرین اپنا پاسپورٹ صرف 24 گھنٹوں میں حاصل کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی نے بتایا کہ تمام علاقائی دفاتر، بشمول ہیڈکوارٹر، میں خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے، جبکہ یہ سہولت دنیا بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں بھی دستیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حج زائرین کو ان خصوصی کاؤنٹرز پر ترجیح دی جائے گی اور 24 گھنٹوں کے اندر پاسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔دوسری جانب، وزارت مذہبی امور نے حکومت کے زیر انتظام حج اسکیم کے تحت حج کی ادائیگی کے لیے اقساطی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
حکومتی اسکیم کے تحت دو قسم کے پیکجز ہوں گے: ایک 38 سے 42 دن کا طویل پیکج، اور دوسرا 20 سے 25 دن کا مختصر پیکج۔ 2025 کے لیے حکومتی اسکیم کی متوقع لاگت 10,75,000 سے 11,75,000 روپے ہوگی۔ قربانی کے جانور کی قیمت 55,000 روپے ہوگی، جبکہ مکہ میں قیام کے لیے ڈبل بیڈ روم کے لیے اضافی 2,20,000 روپے اور ٹرپل بیڈ روم کے لیے 75,000 روپے ادا کرنا ہوں گے۔
ادائیگی کے حوالے سے وزیر نے بتایا کہ حج درخواست کے ساتھ پہلی قسط 2,00,000 روپے جمع کرانی ہوگی۔ قرعہ اندازی کے نتیجے کے 10 دن کے اندر 4,00,000 روپے جمع کرانا ہوں گے۔ بقیہ رقم یکم سے 10 فروری 2025 کے دوران جمع کرائی جائے گی۔