وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے طلبہ کو نوے روز میں لیپ ٹاپ دینے کا ہدف مقرر کردیا ہے، طلبہ کو جدید ترین کور آئی سیون تھرٹین جنریشن لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے ، ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کےتحت پنجاب کے تہتر سو سے زائد کالج ٹیچرز بھی بھرتی کرلیے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق بیالیس ہزار پوزیشن ہولڈر ہونہار طلبہ کو وزیر اعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت جدید لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ۔ اعلی سطح اجلاس کے دوران وزیر اعلی مریم نواز نے دو ہزار اقلیتی طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ دینے کاحکم دیدیا ہے۔ میرٹ پر وزیراعلی پنجاب لیپ ٹاپ سکیم کے تحت کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنربھی دیاجائیگا ۔ تمام منتخب طلبہ کوبیس فروری تک وزیراعلی لیپ ٹاپ دئیےجائیں گے۔ وزیراعلی ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت اٹھارہ ہزار طالبات کو وظائف ملیں گے ۔ دوسری جانب وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے حکم پر ہائرایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کیلئے تہترسو چوون کالج ٹیچرز کی بھرتی کرلی گئی ہے ۔ کالج ٹیچر انٹرنز کو آٹھ ماہ کیلئے پچاس ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے شفافیت کے ساتھ میرٹ پر انٹرنز بھرتی کرنے پر ہائرایجوکیشن ٹیم کو شاباش دی ہے ۔