وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے باکو میں آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف سے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی حجم کو مزید بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی حکومت کو پاکستان کے مختلف سرکاری اداروں کی نجکاری میں شرکت کی دعوت دی۔ ان میں پی آئی اے، یوٹیلیٹی اسٹورز، زرعی ترقیاتی بینک، ڈسکوز، اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ وزیر سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ ایل این جی اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
آئی ٹی، ٹیلی کام، زراعت، توانائی، اور دیگر شعبے بھی سرمایہ کاری کیلئے کھلے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کو کراچی تا سکھر موٹروے ایم سکس کے منصوبے میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ آذربائیجان کے وزیر معیشت میکائل جباروف نے پاکستان سے باکو کے لیے براہ راست پرواز کے آغاز کو سراہا۔ کہا اس سے سیاحت کے شعبے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں وزرا نے پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔