اداکارہ عابدہ عثمانی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر سابقہ اداکارہ نرگس سے ہمدردی رکھنے والوں نے چیئرنگ کراس پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور عابدہ عثمانی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا جبکہ نرگس نے معاملے پر علماء کرام سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے فتویٰ بھی لیا ۔
پاکستان کی سابقہ سٹیج اداکارہ نرگس کو حال ہی میں شوہر کی جانب سے بدترین تشدد کا سامنا کرنا پڑاجس کے بعد قانونی چارہ جوئی بھی کی گئی تاہم جب معاملہ کھلا تواس میں کئی طرح کے الزامات سامنے آئے لیکن چند روز قبل فلم اور ٹی وی اداکارہ عابدہ عثمانی کی جانب سے بھی نرگس پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے ۔ عابدہ عثمانی نے اداکارہ نرگس کے ماضی کو ہتھیار بناتے ہوئے ان کی عبادات پر مبینہ سوالات اٹھائے اور بدعائیں دیں ۔
نرگس کو عابدہ عثمانی کی بات انتہائی ناگوار گزری اور انہوں نے اس پر علماء کرام کی رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ، نرگس نے معاملے کی نوعیت اور وائرل ویڈیو کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل اور جامعہ نعیمیہ کے دارالافتا سے رابطہ کیا اور معاملے پر رہنمائی کی گزار ش کی ۔ مولانا طارق جمیل اور جامعہ نعیمیہ کی جانب سے عابدہ عثمانی کے الزامات اور ان کے الفاظ کی مذمت کی گئی اور علماء دین نے واضح کیا کہ عبادات کا تعلق اللہ تعالیٰ سے ہے اور وہی قبول کرنے والا ہے لہذا اس طرح کی تہمت نہ لگائی جائے ، تہمت لگانا گناہ ہے ۔