بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے بعد اب بھارتی کبڈی ٹیم کو بھی دورہ پاکستان کی اجازت نہیں دی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ ہفتے کرتار پور میں میچز کھیلے جانے تھے جبکہ دونوں ٹیموں کے 21 نومبر کو لاہور اور 23 نومبر کو بہاولپور میں بھی میچز کھیلنے کا مجوزہ پروگرام بنایا گیا تھا۔
تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے اپنی کبڈی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
دوسری جانب بھارتی حکام کی جانب سے پاکستان کبڈی فیڈریشن کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سیکرٹری کبڈی فیڈریشن محمد سرور نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت کے کبڈی ٹیم نہ بھیجنے کا فیصلہ افسوسناک ہے ، میچز کے لیے بہت تیاری کی تھی۔
محمد سرور نے بتایا کہ میچز کے لیے کبڈی ٹیم کا کیمپ بھی لگایا گیا تھا۔
واضح رہے اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے لئے کرکٹ ٹیم بھیجنے سے بھی انکار کردیا گیا ہے۔