سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ماحولیاتی بہتری کی پنجاب کی تاریخ کی پہلی 10سالہ جامع پالیسی بنائی ہے ، سموگ کے خاتمے کیلئے پہلی مرتبہ شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب کا کہناتھا کہ ہر سیکٹر کو اہداف دئیے ہیں اور وزیراعلیٰ خود کارکردگی کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں، سموگ کے خاتمے کیلئے پنجاب کی انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ، پہلی مرتبہ پنجاب میں پٹرول پمپس پر پٹرول کی کوالٹی کی چیکنگ ہو رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ قوانین میں تبدیلی کرکے سموگ کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں، عدالت کا شکریہ کہ سابق حکومتوں کے مقابلے میں مریم نواز حکومت کے اچھے کاموں کا اعتراف کیا ، ایک ہزار سوپر سیڈرز تقسیم کردئیے، کل5ہزار سوپر سیڈرز تقسیم سے فصلوں کی باقیات جلانے کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
ان کا کہناتھا کہ ہمیں بھی دنیا بھر کی طرح سورج کی روشنی میں کاروبار کرنے کی عادت اپنانا ہوگی، سموگ کے خاتمے کیلئے اپنے رویے اور عادات بدلنا ہوں گی، ورنہ خاتمہ نہیں مزید اضافہ ہوگا ، حکومت کا فیل اور پاس ہونے کا معاملہ نہیں، یہ بحیثیت قوم فیل یا پاس ہونے کا مسئلہ ہے۔