وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) عبدالعلیم خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیت لی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پرتھ میں مدمقابل تھیں جہاں گرین شرٹس نے کینگروز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 22 سال بعد آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔
اس حوالے سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شاباش شاہینوں،آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی پر قوم کی خوشیاں دوبالا ہوگئیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم یک جان ہو کر کھیلی، خاص طور پر باؤلنگ یونٹ نے بہترین کھیل پیش کیا، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینا آسان نہ تھا جسے قومی ٹیم نے 22 سال بعد ممکن کردکھایا، پاکستان کی بڑی ٹیم کیخلاف بڑی فتح پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے قومی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھے گی اور ٹی ٹونٹی سیریز بھی اپنے نام کرے گی۔