مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا ایک سو سنتالیس واں یومِ ولادت آج ادب و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔
لاہورمیں صبح مزاراقبال پرگارڈز کی تبدیلی کی پُروقارتقریب ہوئی،پاک بحریہ کےچاق و چوبند دستے نے مزاراقبال پراعزازی گارڈ کےفرائض سنبھالے،پاکستان رینجرزپنجاب کادستہ مزارپراپنےفرائض سے سبکدوش ہوکررخصت ہوگیا۔
پاکستان نیوی کےکمانڈرسینٹرل پنجاب ریئرایڈمرل اظہرمحمود نےگارڈز میں شامل پاکستان رینجرز اور پاک بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔
گارڈزکی تعیناتی کے بعد قومی شاعر کے مزارپرامیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف،پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اورنیوی سویلینز کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
اس موقع پرگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارر نے مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتح خوانی کی،اقبال کے یومِ ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر علامہ کی جائے پیدائش اقبال منزل کو خوب سجایا گیا ہے۔