الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی ٹریننگ اور ہنر فراہم کرنے کےعزم کے تحت ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے پاکستان بھر میں “بنو قابل پروگرام” کا آغاز کر دیا گیا۔
پروگرام کا مقصد ملک بھر سے طلبا کو آئی ٹی سمیت مختلف کورسزکروانا،ملک سے بیروزگاری کے خاتمہ اورنوجوانوں کوپاورفل بناناہے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ میگا ایونٹ کے مہمانان خصوصی امیرجماعت اسلامی پاکستان انجینئرحافظ نعیم الرحمن، مرکزی صدرالخدمت فاؤنڈیشن پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن نے خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر غریب گھرانوں کے لیے تعلیم کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے ہم دوسال میں 10لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی سمیت دیگرکورسزکروانے کے بعد انھیں روزگارمیں معاونت فراہم کریں گے، نوجوان ملک وقوم کا سرمایہ ہیں ہم انھیں مواقع فراہم کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ نوجوان تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کورسز کرنے کے بعد دوسروں کو بھی سکھائیں ، جتنی محنت ہمارے نوجوان ملک سے باہرجا کر کرتے ہیں اس کی آدھی محنت بھی پاکستان میں کریں تو انفرادی و ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔
صدر الخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہا کہ نوجوان ملک وقوم کااثاثہ ہیں اس قومی اثاثے کو ضائع ہونے سے بچانے اور قوم کی ترقی کیلئے ہمیں جماعتی،مذہبی اورمسلکی تفریق سے بالاترہوکراقدامات کرنا ہوں گے،الخدمت بنوقابل پروگرام الخدمت کا نہیں بلکہ پاکستانی نوجونوں کا پروگرام ہے۔
مقررین نے کہا کہ خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو دیکھ کرایمان تازہ ہوگیا نوجوان نسل کیلئے مثبت سوچنے اورعملی اقدامات کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔