لاہور میں اسموگ کی صورتحال بدترین ہونے کے خدشے کے پیش نظر محکمہ ماحولیات نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔
موسمیاتی ادارے نے پیش گوئی کی ہے کہ چھ سے آٹھ نومبر کو اسموگ میں ہوش ربا اضافہ ہوگا، اس وقت لاہور کا موجودہ مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 438 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق اس وقت شہر میں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا مشرق سے مغرب کی جانب چلی رہی ہے۔ فضا میں کیمیائی مادوں کی تعداد عالمی ادارہ صحت گائیڈلائنز سے 58.9 گنا زائد ہے۔
امریکی ایئرانڈیکس کی پیشگوئی کے مطابق چھ ، سات اور آٹھ نومبر کو لاہور کا آلودگی انڈیکس چھ سو سے سات سو ہو سکتا ہے۔ چار کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق سے مغرب کی طرف ہوا ہے۔ بھارت سے آنے والی آلود ہوائیں لاہور اور ملحقہ پاکستانی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں ۔
دوسری جانب سنئیر صوبائی وزیر اور وزیر برائے ماحولیات مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی انڈیکس میں سب سے اوپر ہے۔ لاہور آئندہ تین دن تک تیز ہواؤں کی زد میں رہے گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے پنجاب میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر قائم بھٹوں کو گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے سڑکوں، راستوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے ۔ مریم اورنگزیب کے مطابق ماحولیاتی تحفظ اور انتظامیہ کے افسران کے عملے کے ہمراہ فیلڈ آپریشنز، چھاپے اورجرمانے کررہی ہے۔ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں۔