چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کردی گئی۔
چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف نئی درخواست اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر،ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور ایڈووکیٹ منیر احمد کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے آئینی درخواست کو ڈائری نمبر بھی الاٹ کردیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے۔ عدلیہ کی آزادی کو سلب کرنے کا اختیار پارلیمان کے پاس بھی نہیں۔ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ بنیادی حقوق کو ختم یا کم نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ کی آزادی سے متصادم ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم پر فل کورٹ بینچ کیلئے دو سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر نے نے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا ۔ دونوں سینئر ججز نے اسی ہفتے چھبیسویں ویں ترمیم کا کیس فل کورٹ میں لگانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔