فیراری نے امریکہ میں اپنی لگژری سپورٹس کاروں کے لیے کرپٹو کرنسی میں قیمت وصول کرنا شروع کر دی ہے اور اپنے امیر صارفین کی درخواستوں کے بعد اس سکیم کو یورپ تک بڑھا دے گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیراری کے مارکیٹنگ اور کمرشل چیف نے بتایا کہ بلیو چپ کمپنیوں کی اکثریت نے کرپٹو کو چھوڑ دیا ہے کیونکہ بٹ کوائن اور دیگر ٹوکن کی قدر میں اُتار چڑھاؤ لین دین کے استعمال کے لیے انہیں ناقابل عمل بناتا ہے۔ پیچیدہ ضابطے اور توانائی کے زیادہ استعمال کی وجہ سے بھی کرپٹو کا پھیلاؤ کم ہو گیا تھا۔
فیراری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ مارکیٹ اور ڈیلرز کی درخواستوں کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ اس کے بہت سے کلائنٹس نے کرپٹو میں سرمایہ کاری کی ہے۔
اگرچہ کچھ کرپٹو کرنسی جیسے کہ دوسری سب سے بڑی ڈیجیٹل کرنسی ایتھر نے اپنی توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے، بٹ کوائن اب بھی اپنی توانائی سے بھرپور کان کنی کے لیے تنقید کی زد میں ہے۔
فیراری نے رواں سال کی پہلی ششماہی میں اپنی 1,800 سے زائد گاڑیاں امریکہ سمیت دیگر امریکی خطوں میں بھجوائی ہیں۔
اینریکو گیلیرا نے یہ نہیں بتایا کہ فیراری کو کرپٹو کے ذریعے کتنی کاریں فروخت کرنے کی توقع ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کا آرڈر پورٹ فولیو مضبوط ہے اور 2025 تک مکمل طور پر بُک ہے لیکن کمپنی اسے آزمانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں ان لوگوں سے رابطہ قائم کرنے میں مدد ملے گی جو ضروری نہیں کہ ہمارے کلائنٹ ہوں لیکن فیراری کو افورڈ کر سکتے ہیں۔