استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے سربراہ اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ آئی پی پی ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کرے گی۔
عبدالعلیم خان کی زیر صدارت آئی پی پی پنجاب کا تنظیمی اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی پہلی اورآخری ترجیح ’’ سب سے پہلے پاکستان ‘‘ کی بہتری ہے۔
سربراہ آئی پی پی کا کہنا تھا کہ پہلے ہی الیکشن میں پارٹی کے 4 قومی اور 4 صوبائی اراکین اسمبلی کی جیت بڑی کامیابی ہے، پارٹی کا تشخص بہتر ہوا ، نشیب وفراز آتے رہتے ہیں ، پارٹی نئی ہے لیکن سیاست نہیں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو پہلے الیکشن میں پذیرائی ملی، سیاست ’’ ٹی ٹونٹی ‘‘ کا کھیل نہیں ، ٹیسٹ میچ ہے ، لانگ ٹرم اننگ کھیلنا ہوگی، قومی ترقی میں ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے اور استحکام پاکستان پارٹی ملکی سیاست میں فعال کردار ادا کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر ضلع میں یوسی سطح پر پارٹی کو فعال بنائیں ، عوام کےمسائل حل کریں، جہاں تنظیمی ڈھانچہ مکمل وہاں ضلعی ہیڈ کوارٹر پر خود دورہ کروں گا۔