چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت آئندہ ہفتے کا روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی نے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جو کہ 8 نومبر کو سپریم کورٹ میں منعقد ہوگا۔
چیف جسٹس کی جانب سے انسداد دہشتگردی عدالتوں کے ججز کا اجلاس بھی بلا لیا گیا ہے۔
اے ٹی سی ججز کی میٹنگ 7 نومبر کو ہوگی جبکہ مقدمات پر پیشرفت رپورٹس بھی طلب کی گئی ہیں۔
روسٹر
دوسری جانب پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت رجسٹرار کی جانب سے آئندہ ہفتے کا روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ روسٹر کے مطابق مطابق سپریم کورٹ کے 8 بینچز 28 اکتوبر سے یکم نومبر مقدمات کی سماعتیں کریں گے۔
روسٹر کے مطابق بینچ نمبر ایک چیف جسٹس یحیی آفریدی اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ نمبر دو میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہوں گے۔
بینچ 3 جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ 4 میں جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد شامل ہیں۔
بینچ نمبر 5 جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی جبکہ بینچ 6 جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی پر مشتمل ہوگا۔
بینچ نمبر 7 میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان اور بینچ 8 میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔
4 سے 8 نومبر تک کا روسٹر
4 سے 8 نومبر تک کیلئے بھی ججز روسٹر جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 8 بنچز پرنسپل سیٹ پر مقدمات کی سماعت کریں گے۔
بینچ ایک چیف جسٹس یحیٰی آفریدی اور جسٹس شاہدبلال پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ 2 میں جسٹس منصورعلی شاہ ، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی شامل ہوں گے۔
بینچ نمبر 3 جسٹس منیب اختر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل ہوگا اور بینچ 4 میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عرفان سعادت خان شامل ہوں گے۔
بینچ 5 جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی پر مشتمل ہوگا جبکہ بینچ نمبر 6 میں جسٹس شاہد وحید اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہوں گے۔
بینچ نمبر 7 جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس ملک شہزاد جبکہ بینچ 8 جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہوگا۔