لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما عمرسرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج کردیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور سینیٹر اعجاز چوہدری کی ضمانتوں کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی بنیادوں پرجلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، جلاؤ گھیراؤ میں ملوث نہیں ہیں۔
پراسیکیوشن نے ضمانتوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف چالان جمع ہوچکا ہے، ملزمان کے خلاف تمام شوائد پیش کردئیے ہیں، عدالت ضمانتیں خارج کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد عمر سرفراز چیمہ اور اعجاز چوہدری کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
عدالت کی جانب سے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے سمیت 5 میں سے 3 مقدمات میں ضمانتیں خارج کیں۔
دونوں رہنماؤں کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن اور نصیر آباد پولیس نے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔