اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل چیک اپ سے متعلق درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے اپنے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک کرانے کی درخواست دائر کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے بورڈ تشکیل دیں جس میں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی شامل کیا جائے۔
عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ ای ڈی پمز میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر رپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے اور وہ سابق وزیراعظم اور انڈر ٹرائل قیدی ہیں، اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی اقدامات بی کلاس قیدی کے کوالیفائیڈ ڈاکٹرز سے چیک اپ میں رکاوٹ نہیں ہو سکتے۔
عدالت کی جانب سے عدالتی آرڈر کی کاپی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی عملدرآمد کیلئے بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جاتی ہے۔